کائونٹ ڈائون شروع‘امن پہلی ترجیح لیکن بھارت کو جواب دیں گے ڈاکٹر محمد فیصل

سلامتی کونسل اور بہت سے ممالک نے بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا تھا لیکن بھارت نے کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیئے
 بھارت سے کیسے تعاون کیا جا سکتا ہے؟ پہلگام واقعہ کی تحقیقات سے کیوں خوفزدہ ہے؟برطانیہ میں  پاکستانی ہائی کمشنر  کا انٹرویو
 لندن(آئی این پی )برطانیہ  میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خبردار کیا ہے  بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کائونٹ ڈائون شروع ہوگیا ہے، امن پہلی ترجیح ہے لیکن بھارت کو جواب دیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو    انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر نے  کہا کہ پاکستان نے بارہا پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، پاکستان کی پہلی ترجیح امن تھی لیکن اب اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کیلئے کائونٹ ڈان شروع ہوگیا ہے،  سلامتی کونسل اور بہت سے ممالک نے بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا تھا لیکن بھارت نے سکیورٹی کونسل سمیت کسی کی بات نہ سنی اور حملے کر دیئے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارے ملک پر میزائل پھینکے جا رہے ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، میزائل حملوں کی صورت میں بھارت سے کیسے تعاون کیا جا سکتا ہے؟ بھارت پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات سے کیوں خوفزدہ ہے؟