مکار دشمن کو جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے بھی بدترین شکست کا سامنا ہے، قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ پوری دنیا میں پیغام گیا قوم متحد ہے
پاکستان اپنے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے، دشمن کو کب، کہاں اور کیسے جواب دینا ہے، یہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں:وزیراطلاعات کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے مکار دشمن کو جدید ٹیکنالوجی کے ہوتے ہوئے بھی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بھارت جارحیت سے باز نہیں آ رہا تاہم قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پوری دنیا میں پیغام گیا کہ قوم متحد ہے، پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کے لیے مکمل تیار بلکہ ہر جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،رافیل کے بعد اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرونز بھی تباہ کیے گئے ہیں، اور ان ڈرونز کا ملبہ ہمارے لیے وار ٹرافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کو ہزیمت اٹھانا پڑ رہی ہے، پوری دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے رافیل طیاروں کو دھول چٹا دی، جبکہ دشمن مکار اور بزدل ہے، جو چھپ کر وار کرتا ہے لیکن سامنا نہیں کر سکتا۔ وزیراطلاعات نے رافیل طیاروں کی ناکامی کو بھارت کی قومی تذلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو رافیل طیاروں پر بڑا ناز تھا، یہ طیارے نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور گرا ہے۔ جہازوں کے ساتھ ساتھ بھارتی قوم کا مورال اور ناز بھی زمیں بوس ہوا ہے۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ رافیل کمپنی کہہ رہی ہے کہ آپ نے ہماری ساکھ گرا دی ہے۔ رافیل کمپنی کے شیئرز 18 فیصد گر گئے ہیں۔ ہم نے یہاں فنٹاسٹک ٹی تیار رکھی ہوئی تھی، لیکن جب دشمن بھاگ گیا تو ہم نے چائے کی ہوم ڈیلیوری کر دی۔ چائے اب بھی تیار ہے مگر اس بار انداز مختلف ہوگا۔عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ روایتی جنگ میں پاکستان کی برتری دشمن پر عیاں ہو چکی ہے اور پوری دنیا میں یہ پیغام پہنچا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔