اینڈریو فروجیا، مالٹا سے تعلق رکھنے والے معروف چاکلیٹ ماہر، نے طلبا کی مدد سے 55.27 میٹر لمبی چاکلیٹ ٹرین بنا کر دنیا کے سب سے بڑے چاکلیٹ مجسمے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس منصوبے میں مالٹا انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم سٹڈیز کے طلبا نے بھی حصہ لیا۔ مکمل چاکلیٹ ٹرین میں ایک روایتی بھاپ سے چلنے والا انجن اور 22 بوگیاں شامل ہیں، جبکہ ہر بوگی کا وزن تقریباً 160 کلوگرام ہے۔
یہ شاندار چاکلیٹ ٹرین رواں سال کے ونٹر اولمپک گیمز سے قبل اٹلی کے شہر میلان میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، تاہم فروجیا اور ان کی ٹیم نے اس پر کئی ماہ کی محنت کی۔
اینڈریو فروجیا کے مطابق اس منصوبے میں تقریباً 5 ہزار چاکلیٹ کے ٹکڑے اور بوگیوں کے لیے 180 پہیے استعمال کیے گئے۔ فروجیا نے کہا کہ یہ ریکارڈ اپنے ادارے، ملک اور خاندان کے لیے ایک یادگار کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔