24 گھنٹوں کے دوران 1417 ٹریفک حادثات

1671 افراد متاثر، موٹر سائیکل حادثات کی شرح 79 فیصد ریکارڈ کی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1417 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 745 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں  فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 913 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (79 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی رہی۔ ترجمان کے مطابق روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدر آمد، لائن اور لین کے نظم و ضبط کی پابندی ناگزیر ہے۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے تحت ان ٹریفک حادثات میں 946 ڈرائیورز، 68 کم عمر ڈرائیورز، 583 مسافر اور 142 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق 233 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی دارالحکومت 274 متاثرین کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ ملتان 96 حادثات میں 108 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ گوجرانوالہ 86 حادثات میں 95 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے مجموعی 1671 متاثرین میں 1317 مرد اور 354 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 280 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 922 افراد کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 469 زخمی افراد کی عمر 40 سال سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1501 موٹر سائیکلیں، 90 آٹو رکشے، 161 کاریں، 27 وین، 15 مسافر بسیں، 56 ٹرک اور 81 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔