حوثی ملیشیا کے مورچوں اور فائرنگ کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا گیا‘ کارروائیوں میں طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری کا استعمال کیا گیا
سعودی عرب میں فوجی تعیناتی اور اس کے مشن کی منظوری مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی
بیروت‘قاہرہ(آئی این پی‘آن لائن)یمنی فوج نے کہا ہے 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے خلاف 1،417 حملے کئے گئے جن میں 800 جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے۔یمنی مسلح افواج کے ترجمان ماجد عبداللہ النزیلی نے بتایا کارروائیوں میں 190 سے زائد بکتر بند گاڑیوں اور دیگر فوجی سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنایا گیا، حملوں میں حوثی ملیشیا کے مورچوں اور فائرنگ کی پوزیشنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ان کارروائیوں میں جنگی طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور متعدد راکٹ لانچنگ سسٹمز کا استعمال کیا گیا۔دریں اثناء مصر کی قومی دفاعی کونسل نے سعودی عرب میں دفاعی مشن کے لیے فوج بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔مصری پارلیمنٹ کے ایک رکن کے مطابق فوجی تعیناتی اور اس کے مشن کی منظوری صدر عبدالفتاح السیسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔گلف نیوز کے مطابق مصری ایوانِ نمائندگان کے رکن مصطفیٰ بکری نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ قومی دفاعی کونسل نے سعودی عرب میں فوج بھیجنے اور وہاں اس کی ذمہ داریوں کی منظوری دے دی ہے۔