گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج جاری ہو رہے ہیں۔
ابتدائی رجحانات کے مطابق، پاکستان پیپلز پارٹی کئی حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ مسلم لیگ (ن) بھی مختلف نشستوں پر مضبوط مقابلہ کر رہی ہے، جبکہ بعض حلقوں میں استحکام پاکستان پارٹی، مجلس وحدت المسلمین اور آزاد امیدوار بھی نمایاں پوزیشن میں ہیں۔موجودہ نتائج ووٹوں کی مکمل گنتی سے قبل کے ابتدائی اندازوں پر مبنی ہیں، اور ان سے مختلف حلقوں میں ووٹرز کے سیاسی رجحانات واضح ہو رہے ہیں:
گلگت ڈویژن کے بیشتر حلقوں میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔
گلگت تھری میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر محمد اقبال برتری کے ساتھ ہیں۔
نگر ٹو میں مجلس وحدت المسلمین کے ریاض اکبر نمایاں پوزیشن میں ہیں۔
بلتستان ڈویژن میں سکردو ون سے پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی شاہ، سکردو تھری سے فدا محمد ناشاد، اور شگر سے عمران ندیم برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
سکردو فور میں مسلم لیگ (ن) کے وزیر حسن اور سکردو ٹو میں مجلس وحدت المسلمین کے ایم کاظم میسم آگے ہیں۔
استور اور دیامر کے حلقوں میں مقابلہ سخت ہے؛ استور ون میں پیپلز پارٹی کے میجر فہد حنیف، اور استور ٹو میں استحکام پاکستان پارٹی کے شمس الحق لون برتری رکھتے ہیں۔غذر اور گانچھے کے حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی کی برتری واضح ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار بھی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔یاد رہے کہ یہ نتائج پولنگ اسٹیشنز سے جاری فارم 45 کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں، اور حتمی نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 47 کے جاری ہونے کے بعد مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔