پنجاب میں ای بائیکس رینٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ

منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 ہزار ای بائیکس شامل کی جائیں گی‘لاہور میں 300 ڈاکنگ اور چارجنگ سٹیشن بھی قائم کئے جائیں گے
شہری موبائل ایپ کے ذریعے ای بائیک حاصل کر سکیں گے‘ طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کیلئے کم لاگت اور جدید سفری سہولت فراہم کی جائے گی
لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت نے ماحول دوست اور جدید سفری سہولتوں کے فروغ کیلئے   پہلی بار ای بائیکس رینٹل سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 ہزار ای بائیکس شامل کی جائیں گی جبکہ شہر بھر میں 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔پنجاب ہائوسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کیلئے  جگہ فراہم کرے گی،شہری اہم رہائشی اور کمرشل علاقوں سے قریبی پبلک ٹرانسپورٹ پوائنٹس تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے۔حکام کے مطابق اس منصوبے سے لاہور میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے، جس سے شہر میں فضائی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔لی پارک، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اور دیگر ادارے بھی منصوبے کا حصہ ہونگے،طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کے لئے کم لاگت جدید سفری سہولت میسر آئے گی،شہری موبائل ایپ کے ذریعے ای بائیک حاصل کر سکیں گے۔ جبکہ طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کے لیے کم لاگت اور جدید سفری سہولت فراہم کی جائے گی