ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو عراق کے مقدس شہر نجف سے ایران کے شہر مشہد منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں آج انہیں روضۂ امام رضا کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
یہ منتقلی ایران اور عراق میں چھ روز تک جاری رہنے والے جلوسِ جنازہ کے آخری مرحلے کا حصہ ہے۔ اس دوران لاکھوں سوگواروں نے مختلف شہروں میں جلوسوں میں شرکت کر کے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کے سربراہ محمد محمدی گلپایگانی کے مطابق مرحوم کی خواہش تھی کہ انہیں مشہد میں روضۂ امام رضاؑ کے قریب دفن کیا جائے، جس کے مطابق ان کی تدفین کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس سے قبل شہید رہبرِ اعلیٰ کے جسدِ خاکی کو عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جایا گیا، جہاں روضۂ حضرت علی، روضۂ حضرت عباس اور روضۂ امام حسین پر حاضری اور نمازِ جنازہ کے اجتماعات منعقد ہوئے۔سرکاری حکام کے مطابق ایران اور عراق میں ہونے والے جنازہ جلوسوں میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد شریک ہوئے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے مرحوم رہنما کو آخری خراجِ عقیدت پیش کیا۔