ایسا کرنے سے بعض اوقات والدین کی اہمیت کم ہو جاتی ہے، پاکستانی فلموں کی سینئر اداکارہ کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو
لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستانی فلموں کی سینئر اداکارہ نشو بیگم نے بزرگ والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام منتقل نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے بعض اوقات والدین کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوتے انہوں نے کہا ہے کہ بڑھاپے میں انسان کو سب سے زیادہ اپنی صحت اور دولت کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ اگر یہ دونوں چیزیں نہ ہوں تو بعض لوگ آپ کی قدر کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔نشو نے کہا کہ میں سب سے یہی کہوں گی کہ بڑھاپے میں اپنی صحت اور اپنی دولت کا خیال رکھیں، ورنہ آپ کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے، ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا، لیکن کچھ لوگ ضرور ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنی زندگی میں جائیداد بچوں کے نام نہیں کرنی چاہیے۔اداکارہ نے کہا میں صاف صاف کہتی ہوں کہ کبھی بھی اپنی زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام نہ کریں، آپ کے انتقال کے بعد وہ ویسے بھی ان تک پہنچ جائے گی، لیکن اگر آپ زندگی میں ہی سب کچھ ان کے حوالے کر دیں گے تو پھر آپ کی قدر کم ہو جائے گی۔نشو نے کہا کہ اگر بزرگ والدین کے پاس مالی وسائل موجود ہوں تو ان کی دیکھ بھال بھی بہتر انداز میں کی جاتی ہے، حتیٰ کہ ان کی دوائیں بھی وقت پر لائی جاتی ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایسے واقعات دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں مالی طور پر کمزور بزرگوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔اداکارہ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ انسان کو دنیا کی نہیں بلکہ اللّٰہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس ہونا چاہیے اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے۔