اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسما الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کردیا۔ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نیکہا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہیکہ شیخہ اسما الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے قطری شہزادی کو پاکستان میں موجود 8126 میٹر بلند دنیا کی نویں بلند چوٹی نانگا پربت کو سرکرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا قطری شہزادی کا یہ کارنامہ قابل تقلید اور متاثر کن ہے۔خیال رہے قطری شہزادی شیخہ اسما الثانی نے حال ہی میں نانگا پربت سر کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ شیخہ اسما الثانی دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری بلند چوٹی پر قطر کا پرچم لہرانے والی پہلی قطری خاتون بن گئی ہیں۔سوشل میڈیا پوسٹ میں شہزادی شیخہ اسما الثانی نے بتایا کہ یہ 8 ہزار میٹر سے بلند نویں چوٹی ہے جسے میں نے سر کیا ہے اور یہ اب تک کی سب سے کٹھن مہمات میں سے ایک تھی۔