اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسماء کو پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے میں پاکستان کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ عزت مآب شیخہ اسماء الثانی کو پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے میں پاکستان کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے لکھا کہ نانگا پربت کو حال ہی میں سر کرنے پر میں دل کی گہرائیوں سے شہزادی شیخہ اسماء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کارنامہ واقعی قابلِ فخر اور متاثر کن ہے۔ یہ کامیابی ہمت، عزم اور حوصلے کا پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط دوستی کی خوبصورت مثال بھی ہے۔