سری لنکا نے پالی کیلے میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 99 رنز سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
میچ میں سری لنکن کپتان چارتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ سری لنکن بلے بازوں نے پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ خاص طور پر کشال مینڈس نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 124 رنز بنائے جبکہ اسالنکا نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ یوں مقررہ 50 اوورز میں سری لنکا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز کا قابل دفاع مجموعہ کھڑا کیا۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ تنظیم حسن، تنویر اسلام اور شمیم حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم کبھی بھی سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ توحید ہردوئے نے 51 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت ضرور کی، تاہم باقی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکن بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اسیتھا فرنینڈو اور دشمنتھا چمیرا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دونیتھ ویلالاگے اور ونندو ہاسارنگا کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے 77 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بنگلادیش نے کم بیک کرتے ہوئے 16 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 10 جولائی بروز جمعرات پالی کیلے ہی میں ہوگا، جس کا شائقین کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے۔