امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارشیں و سیلاب، نظام زندگی شدید متاثر

 لاپتا درجنوں افراد کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز، کشتیوں اور ڈرونز کا استعمال ،متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ
 ٹیکساس (آئی این پی )امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 104ہوگئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکساس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہے، بارشوں اور سیلاب سے کیر کائو نٹی کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 84لاشیں برآمد ہوئیں۔سمر کیمپ انتظامیہ نے کیمپ کی لاپتا 27لڑکیوں اور کونسلرز کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی جب کہ 10سے زائد لڑکیاں اور ایک سٹاف ممبر تاحال لاپتا ہے، لاپتا درجنوں افراد کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز، کشتیوں اور ڈرونز کا استعمال کیا جارہا ہے۔دوسری جانب ریاست میں مزید بارشوں کی پیشگوئی نے باقی علاقوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے جس کے پیش نظر ریاست کے گورنر نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔