اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات اپنی تاریخ کی بہترین سطح پر ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری جلد متوقع ہے۔
اینڈی ہیلس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مضبوط، خوشگوار اور باہمی احترام پر مبنی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی مستحکم بنیاد کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے اشتراک سے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی نجی کمپنیوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے، جو پاک امریکا اقتصادی تعاون میں اضافے کی علامت ہے۔
اینڈی ہیلس نے تعلیم کو پاک امریکا تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کے 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کمپنیاں مقامی باصلاحیت افرادی قوت کو ترجیح دیتی ہیں اور سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔