پرویز الہیٰ کرپشن ریفرنس، 15جنوری کو فرد جرم

 گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس کے شریک ملزموں کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت 
لاہور (کرائم رپورٹر )گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی سمیت دیگر تمام ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔احتساب عدالت نے پرویز الٰہی سمیت تمام ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 15 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج نے گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق پرویز الٰہی سمیت دیگر کے ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے شریک ملزموں سلیمان احمد اور مظفر اقبال کو ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے مونس الٰہی کے اثاثے ضبط کرنے اور نیلام کرنے کے خلاف درخواست پر بھی دلائل طلب کرلیے۔ مونس الٰہی نے اپنی والدہ قیصرہ الٰہی کی وساطت سے درخواست دائر کررکھی ہے۔ مونس الٰہی نے اپنی والدہ کو مختار نامہ دے رکھا ہے۔ شریک ملزموں میں محمد خان بھٹی ،خالد محمود ،سہیل اصغر اعوان ، آصف محمود سمیت دیگر شامل ہیں۔