ڈنمارک کے وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ گرین لینڈ پر حملے کی صورت میں مسلح افواج فوری کارروائی کریں گی اور بعد میں سوالات کیے جائیں گے۔
گرین لینڈ ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے اور وزیر دفاع نے کہا کہ اگر کسی نے اس پر حملہ کیا تو ڈنمارک کی افواج احکامات کا انتظار کیے بغیر فوری جواب دیں گی۔اس سے قبل 7 یورپی ممالک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ گرین لینڈ کے مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق صرف گرین لینڈ اور ڈنمارک کو حاصل ہے۔دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گرین لینڈ کی سکیورٹی کے حوالے سے یورپی رہنماؤں کو خبردار کیا کہ اگر یورپ اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لے تو امریکا ممکنہ کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ عالمی میزائل دفاع کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور بعض مخالف طاقتیں اس میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔یہ صورتحال یورپی اور امریکی سطح پر گرین لینڈ کی سکیورٹی اور اس کی عالمی دفاعی اہمیت کے حوالے سے جاری کشیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔