پاکستانی پولیس افسروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی:وزیر داخلہ ‘بیجنگ پولیس کالج کا دورہ، ٹریننگ کے مختلف سیکشن دیکھے
بیجنگ(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج کا دورہ کیا اور کالج کے ہائی ٹیک ٹریننگ کے مختلف سیکشن دیکھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے ذریعے ملزمان کو پکڑنے کا زبردست مظاہرہ دیکھا اور بیجنگ پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت کے شاندار معیار کو سراہا۔انہوں نے اعلی کارکردگی کے بہترین مظاہرے پر گاڑیوں کے خصوصی سکواڈ کو بھرپور داد دی۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہیکلز سکواڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں اور بہترین تربیت دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں، نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ایک ماہ کی ٹریننگ کیلئے بیجنگ پولیس کالج آئیں گے، نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسران کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی، اس ضمن میں نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان تعاون کے لئے معاہدہ کریں گے۔