حکومت این آر او کی سیاست چھوڑ دے، یہ کوئی نہیں مانگ رہا: شوکت یوسفزئی

حکومت این آر او کی سیاست چھوڑ دے، یہ کوئی نہیں مانگ رہا: شوکت یوسفزئی

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کو این آر او کی سیاست چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این آر او کسی بھی صورت میں نہیں دیا جائے گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نہ تو نتھیا گلی، بنی گالہ، یا ملک سے باہر جائیں گے بلکہ وہ عدالتوں میں اپنے کیسز لڑ کر آزاد ہوں گے۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ حکومت نے 2022 سے اب تک 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے، اور سوال اٹھایا کہ کیا ملک قرضوں پر چل سکتا ہے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری رک چکی ہے اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پی ٹی آئی کی کردار کشی کی جاتی ہے، جو حکومت کی ناکامی کو اجاگر کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں تاخیری حربے استعمال ہو رہے ہیں اور کراچی کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے، جہاں نہ تو لوگ موبائل لے کر باہر جا سکتے ہیں اور نہ ہی موٹر سائیکل استعمال کر سکتے ہیں۔ کراچی میں قتل و غارت کی صورتحال بہت بدتر ہو چکی ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے نگراں دور کے بعد تین ماہ کی تنخواہ ادا کر دی ہے اور صحت کارڈ کے لیے 20 ارب روپے جاری کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی حکومت نے 30 ارب روپے قرض واپسی فنڈ میں اور 40 ارب روپے پنشن فنڈ میں منتقل کیے ہیں۔