اسلام آباد: چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن، مشعال ملک نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کو متحد ہو کر کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔
مشعال ملک نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی اور کشمیری عوام دس لاکھ بھارتی افواج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی فوجی کشمیری بچوں پر بیلٹ گنز سے حملے کرتے ہیں اور بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افضل گرو کو شہید کیا گیا جبکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں تھا۔ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق میں اقدامات کرنے والے لیڈرز کو بھارتی عوام کو خوش کرنے کے لیے پھانسی دی گئی اور یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔
چیئرپرسن نے کہا کہ پاکستان نے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے تاکہ دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جا سکے۔ انہوں نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت نے اب تک متعدد ڈیمز بنا کر خطے کے پانی کے وسائل پر اثر ڈالا ہے۔مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان اور عالمی برادری کی مکمل حمایت ضروری ہے تاکہ بھارت کی ناجائز کاروائیوں کے خلاف مزاحمت کی جا سکے۔