سرکاری اراضی واگزار کرانے ٹیمیں پہنچیں تو ملزموں نے تشدد، توڑ پھوڑ کی
چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ) چیچہ وطنی کے نو احی چک 117سات ڈی آرمیں پیرا فورس اور محکمہ مال ملازمین پر قبضہ مافیا نے حملہ کر دیا ،ہنگامہ آ رائی، دنگا فساد کرنے پر پولیس نے 24 ملزموں کے خلا ف مقدمہ درج کر کے گرفتارکرلیا۔ چک نمبر 117 سات ڈی آر میں کو آپریٹو فارمنگ سکیم کی سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر رکھا تھا۔ جب ممبر کا لونیز بورڈ آف ریونیو کے حکم پر قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے محکمہ مال کے آفیسر محمد ظفر علی اور پیرا فورس ٹیم موقع پر پہنچی تو ذوالفقار علی، علی رضا سکول ٹیچر، محمد یاسین، محمد اسلم، حاکم علی، غلام سرور،محمد ریاض، جعفر اور حق نواز نے اپنے 15 ساتھیوں کے ہمراہ دھاوا بول دیا، ہنگامہ آرائی کی اور منیجر فارمنگ محمد اسلم، پیرا فورس کے آفیسر محسن اقبال،پٹواری اور دوسرے سٹاف پر ڈنڈوں لاٹھیوں سے حملہ کر دیا، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ڈنڈے مارے اور ٹریکٹر چلا کر فصلوں کو تباہ کر دیا۔ 15 پر کال کے بعد پولیس تھانہ کسووال پہنچی تو ملزم فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔