خواتین کو بااختیار بنانے والی قوم کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتی:احسن اقبال

مریم نواز کی طرف سے ثقافتی اور تفریحی پروگرامز  شہریوں کو مکمل تفریح اور لطف اندوزکرنے کاباعث بن رہے ہیں،  خوشحال معاشرے  کیلئے بھی اہم ہیں
کوئی قوم کبھی اپنی خواتین کو نظرانداز کر کے ترقی نہیں کر سکی :نارووال میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیر اہتمام ایجوکیشن و فیملی پلاننگ کی تقریب سے خطاب
نارووال (آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی  احسن اقبال نے کہا ہے  تفریحی پروگرامز کا انعقاد صحت مند اور خوشحال معاشرے کے قیام کیلئے نہایت اہم ہے،تاریخ ہمیں   واضح سبق دیتی ہے کہ کوئی قوم کبھی اپنی خواتین کو نظرانداز کر کے ترقی نہیں کر سکی اور کوئی قوم اپنی خواتین کو بااختیار بنا کر کبھی زوال کا شکار نہیں ہوئی۔ نارووال میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیر اہتمام ایجوکیشن و فیملی پلاننگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی طرف سے ثقافتی اور تفریحی پروگرامزکے انعقادسے شہریوں کو مکمل تفریح اور لطف اندوزکرنے کاباعث بن رہے ہیں۔ ایسے آگاہی پروگرامز کا انعقاد صحت مند اور خوشحال معاشرے کے قیام کیلئے نہایت اہم ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ تفریح اور تعلیم کو یکجا کرکے عوام تک مثبت اور مو ثر پیغام پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ انسانی تاریخ کی سب سے فیصلہ کن صدی میں زندگی گزار رہی ہیں۔یہ پہلی بار ہے کہ صرف جغرافیہ قسمت کا فیصلہ نہیں کرتا۔یہ پہلی بار ہے کہ محض انسانی قوت ہی اصل طاقت نہیں رہی۔یہ پہلی بار ہے کہ قدرتی وسائل سے زیادہ انسانی ذہانت اہم ہو چکی ہے۔آج تلونڈی بھنڈراں میں بیٹھی ایک لڑکی، جس کے پاس لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ اور پختہ عزم ہو، دنیا کے بہترین اذہان سے مقابلہ کر سکتی ہے۔لیکن میں آپ سے پوری دیانت داری کے ساتھ بات کرنا چاہتا ہوں۔یہ صدی ان لوگوں کے لیے مہربان نہیں ہوگی جو الجھنوں اور کم ظرفی کا شکار، سست، خوف زدہ یا غیر تیار ہوں۔یہ صدی صرف انہیں آگے بڑھائے گی جو مہارت سے آراستہ ، ڈسپلن کے پابند اور جستجو کرنے والے باہمت ہوں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ کیا ہم اپنی بیٹیوں کو اس مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کر رہے ہیں؟وہ قوم جو اپنی بیٹیوں کو تعلیم دیتی ہے، کبھی نہیں ہارتی۔