عدالت کا استغاثہ کے گواہ کی غیرحاضری پر اظہار ،گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
ٓعلیمہ خان پھر پیش نہ ہوئیں ، آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی
لاہور ،کراچی،اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کے تھانہ سرور روڈ کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنمائوں عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 15 دسمبر تک موخر کر دیا۔ ملزموں کے سینئر وکلا پیش نہیں ہوئے ،معاون وکلاء نے مہلت مانگی، عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے،یہ جناح ہائوس کے قریب پولیس کی گاڑی جلانے کا مقدمہ ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے سانحہ 9 مئی، اشتعال انگیز تقریر اور ہنگامہ آرائی کے 5 مقدمات میں استغاثہ کے گواہ پولیس اہلکار کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اے ٹی سی میں مقدمات کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر، خرم شیر زمان و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے شاہ فیصل تھانے میں درج 9 مئی مقدمے میں استغاثہ کے گواہ کی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہ پولیس اہلکار سجاد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔بعدازاں عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد کی انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدم دستیابی کے باعث پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 9 مئی احتجاج کیس میں مزید پیش رفت نہ ہوسکی۔ جبکہ26 نومبراحتجاج کیسز کی سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی گئی۔پی ٹی آئی رہنماوں کیخلاف تھانہ کوہسار کے 3 اور تھانہ سنگجانی کے 2 مقدمات زیر سماعت ہیں۔انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں زیر سماعت گزشتہ سال 26 نومبر احتجاج کے مقدمہ میں ملزمہ علیمہ خان پیش نہ ہوئیں۔ عدالت نے ملزمہ کو آخری موقع دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی جبکہ آئندہ سماعت پر علیمہ یا ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سرکاری وکیل مقرر کرکے پیروی کا عندیہ دیدیا ۔اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ کی سماعت کی۔