سربراہ کی موت، فیملی نے لاش کیساتھ 3 دن گزارے

حیدر آباد (خصوصی رپورٹ)بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک فیملی نے گھر کے سربراہ کی موت کے بعد لاش کے ساتھ تین دن گزارے۔انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ حیدر آباد میں پیش آیا جہاں فیملی کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور حال ہی میں گھر کے سربراہ کی بیماری کے باعث موت ہوئی۔فیملی اس قدر غریب ہے کہ ان کے پاس مردے کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلیے رقم نہ تھی، انہوں نے لاش کو گھر میں رکھ کر تین دن گزار دیے۔جب معاملہ مالک مکان کے علم میں آیا تو اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی، بعدازاں ایک فلاحی ادارے نے مردے کی آخری رسومات کی ادائیگی کے انتظامات کیے۔پولیس حکام کے مطابق 76 سالہ سوامی داس کرائے کے مکان میں رہتے تھے اور انہوں نے بیماری کے باعث موت سے 3 ماہ قبل نوکری چھوڑ دی تھی، ان کی چھوٹی بیٹی نجی اسپتال میں نرس ہے جو گھر چلاتی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مالک مکان نے کرایہ ادا نہ کرنے پر سوامی داس کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس کے کچھ دنوں بعد وہ چل بسے۔انہوں نے بتایا کہ فیملی کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں تھے کہ وہ سوامی داس کی آخری رسومات کیلیے انتظامات کرتی لہٰذا انہوں نے لاش کو گھر میں ہی رکھا۔