لاہور (کرائم رپورٹر)میانوالی کے کندیاں علاقے میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ چھ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے تبادلے میں دو دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں سے رائفلیں، دو دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے کندیاں کے قریب ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد پولیس اور دیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔