یومیہ 50 ہزار سے زائد پرٹیکس 0.6 سے بڑھاکر0.8 فیصد کر دیا گیا
غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح بھی تبدیل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)نان فائلرز کے بینک سے رقوم نکلوانے پر ٹیکس کٹوتی میں اضافہ کردیا گیا، یومیہ 50 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پرٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 0.8 فیصد کردیا گیا۔ایف بی آر کے مطابق ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل نہ ہونے والے افراد پر بینک سے یومیہ 50 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر 0.8 فیصد ٹیکس لاگوکر دیا گیا ہے، اس سے پہلے یہ ٹیکس 0.6 فیصد تھا۔ ہر بینکنگ کمپنی نان فائلر سے ایڈوانس ایڈجسٹیبل ٹیکس منہا کرنے کی مجاز ہوگی۔غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح بھی تبدیل کردی گئی ہے اور پراپرٹی کے خریدار کو ریلیف دینے کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کردی گئی ہے۔پراپرٹی کے فروخت کنندہ یا منتقل کرنے والے کیلئے ہر سلیب میں 1.5 فیصد اضافہ کیا گیاہے، اس مقصد کیلئے انکم ٹیکس کے سیکشن 236 سی اور 236 میں ردوبدل کیا گیا۔ایف بی آر کے مطابق 5 کروڑ روپے مالیت تک کی پراپرٹی کی خریداری پر ٹیکس 1.5 فیصد ہوگیا، اس سے پہلے شرح 3 فیصد تھی، 10 کروڑ تک کی پراپرٹی خریداری پر ٹیکس 3.5 سے کم ہو کر2 فیصد رہ گیا، کروڑ سے زائد مالیت کی پراپرٹی خریدنے پر 4 کی بجائے 2.5 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔