وزیراعلیٰ پنجاب سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی الوداعی ملاقات

 مریم نواز  کا نیل ہاکنز کی خدمات پر خراج تحسین، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال
 ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، معدنیات، آئی ٹی، زراعت اور لائیو اسٹاک میں تعاون بڑھانے پر گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں ہائی کمشنر کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی روابط اور دوطرفہ تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، معدنیات، آئی ٹی، زراعت اور لائیو اسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور دیرپا شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ ایکوا کلچر اور فشریز کی امپورٹ کے لیے کولڈ چین لاجسٹکس کی ترقی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پنجاب کے ہزاروں افراد نے ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کو بھی مضبوط کیا ہے۔ دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار ہیں۔