ایران نے دشمن کو اپنی شرائط پر جنگ بندی کے لیے رضامند کر دیا:ترجمان ایرانی فوج

ایران نے دشمن کو اپنی شرائط پر جنگ بندی کے لیے رضامند کر دیا:ترجمان ایرانی فوج

ایرانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے واضح کیا ہے کہ ملک ابھی بھی حالتِ جنگ میں ہے اور موجودہ جنگ بندی محض مذاکراتی عمل کی ایک عارضی پیش رفت ہے۔

ذوالفقاری نے کہا کہ یہ جنگ بندی ایرانی قوم کی فتح ہے کیونکہ ایران نے دشمن کو اپنی شرائط پر آمادہ کیا اور اس کے نتائج پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے طے شدہ جنگ بندی میں ایران نے اپنے موقف اور مفادات کو تسلیم کرایا۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خود کو ناقابلِ اعتماد ثابت کر چکا ہے اور دشمن نے جوہری مذاکرات میں بھی یہ ظاہر کیا کہ اس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 40 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی کے بعد دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی ہوئی ہے، جس کے تحت امریکا اور اسرائیل ایران پر فوجی حملے روکیں گے اور تہران آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے دوبارہ کھول دے گا۔
یہ معاہدہ پاکستان کی ثالثی میں ممکن ہوا، اور پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کرتے ہوئے دونوں فریقین کی دانشمندی کو سراہا تھا۔تجزیہ کاروں کے مطابق، ایرانی فوج کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران اپنی فوجی اور سیاسی طاقت کو برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی حکمت عملی اپنا رہا ہے، اور یہ جنگ بندی خطے میں مستقل امن کا فوری حل نہیں بلکہ ایک وقتی توقف ہے۔