وزیراعلی کی صدارت میں اجلاس‘ٹیچرز کیلئے ڈریس کوڈ متعارف کرانے کا فیصلہ،سکولوں میں صفائی کیلئے ستھرا پنجاب سروسز حاصل کی جائیں گی
سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے، معیار ایسا بنانا چاہتے ہیں ہر کوئی اپنے بچے کو سرکاری سکول میں داخل کرانا چاہے گا:وزیراعلی کی گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک میں صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مساجد،امام بارگاہوں اورعبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر اضافی اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا اور سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عبادت گاہوں کے گردونواح میں پولیس گشت، سنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور حساس مقامات پر نمازِ جمعہ اور تراویح کے اجتماعات کے لیے بیرئیرز اور خاردار تاروں کے ساتھ تین لیئرز سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناء پنجاب میں سکول ٹیچرز کے لئے ڈریس کوڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔سکول ایجوکیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں سکولوں میں صفائی کے لئے ستھرا پنجاب کی سروسز حاصل کرنے پر اتفاق کیاگیااورسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ آؤٹ سورسنگ کے لئے سکول ایمپرورومنٹ کارڈ متعارف کرانے کابھی فیصلہ کیاگیا۔پنجاب پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ فیز فور کی منظوری دی گئی۔پہلی مرتبہ پنجاب کے سکولوں میں ڈسٹنس لریننگ متعارف اور آڈیو ویژول لریننگ شروع ہوگی۔پنجاب میں مارچ تک 140نواز شریف سکول آف ایمی ننس پی پی پی موڑ پر فنکشنل ہوں گے۔پنجاب کے 344 سکولوں میں 42614 طلبہ اور 3566 اساتذہ کی سپوکن کلاسز دی جائیگی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پانچ لاکھ طلبہ کے لئے سپوکن کلاسز شروع کرنے کا ہدف دے دیا۔