پی ٹی آئی نے راولپنڈی میںآج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا

 اسلام آباد ( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور خطے میں حالیہ اہم تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کے سینئر عہدیداران شریک ہوئے۔اجلاس میں امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے حوالے سے پیش رفت پر غور کیا گیا اور اسے خوش آئند قرار دیا گیا۔ پی ٹی آئی نے اس کامیابی میں تمام فریقین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کی خواہاں ہے، کیونکہ خطے میں استحکام عالمی معیشت اور انسانیت کے لیے ناگزیر ہے۔اجلاس میں 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ قائد تحریک انصاف نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام دیا، جس کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔