سیفل درہ میں نائب تحصیلدار شوکت اورسکیورٹی عملے کی گاڑی کو دھماکاخیزمواد سے نشانہ بنایا گیا،محفوظ رہے
مالاکنڈ میں ڈی سی آفس کی دیوار کیساتھ نصب بارودی مواد پھٹنے سے لیویز موبائل وین کو جزوی نقصان پہنچا
پشاور (آئی این پی )اپر اورکزئی کے علاقے سیفل درہ میں نائب تحصیل دار کی گاڑی پر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے میں نائب تحصیل دار شوکت اور سکیورٹی عملہ محفوظ رہا، بارودی حملے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ڈی سی اپر اورکزئی عرفان الدین کے مطابق اپر اورکزئی کے علاقے سیفل درہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے بارودی مواد کے دھماکے سے نائب تحصیل دار کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔تاہم دھماکے میں نائب تحصیل دار شوکت اور ان کا سکیورٹی گارڈ محفوظ رہے، دھماکے سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ دوسری جانب مالاکنڈ میں بٹ خیلہ کنال روڈ پر ڈی سی آفس کی دیوار کے ساتھ نصب بارودی مواد دھماکا ہوا جس کے باعث لیویز موبائل وین کو جزوی نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔لیویز ذرائع نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد ڈی پی او آفس کی دیوار کے قریب نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے لیویز کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، گاڑی دیوار کے پاس گزر رہی تھی۔