ملتان‘ سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

  کشتی بہا وکی وجہ سے الٹ گئی، کشتی میں سوار خواتین، بچے اپنا توازن قائم نہ رکھ سکے
ملتان (آئی این پی) ملتان کے قریب جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ملتان کی ضلعی حکومت کے ترجمان وسیم یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ جلال پور پیروالہ میں دریائے چناب میں ریسکیو 1122 کی کشتی الٹنے سے تین بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئے۔محکمے کی ابتدائی رپورٹ میں وضاحت کی گئی کہ کشتی ایک درخت سے ٹکرا گئی اور تیز بہا وکی وجہ سے الٹ گئی، جبکہ کشتی میں سوار خواتین اور بچے اپنا توازن قائم نہ رکھ سکے، یہ کشتی جلال پور پیروالہ میں سیلاب متاثرہ افراد کے انخلا کے لیے استعمال کی جارہی تھی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کشتی پر زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تک تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ عملے نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور 4 لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ باقی افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ ایک بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر آپریشن جا ری ہے۔محکمے کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو 1122 کے سیکریٹری ڈاکٹر رضوان نذیر نے اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر کو فوری طور پر واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔