تنخواہ دار طبقہ بڑا ٹیکس دہندہ بن گیا ، تین ماہ میں 144 ارب وصول

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ٹیکس وصولی کے موجودہ نظام میں تنخواہ دار طبقہ سب سے نمایاں ٹیکس دہندہ بن کر سامنے آگیا ہے، جہاں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملازمین سے 144 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران تنخواہ دار طبقے کی سالانہ ٹیکس ادائیگی 391 ارب روپے سے بڑھ کر 629 ارب روپے ہوگئی، یوں اس عرصے میں ٹیکس ادائیگی میں 238 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایف بی آر حکام کے مطابق تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس وصولی میں 10.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ تنخواہ دار افراد نے ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ شعبوں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کیا۔اعداد و شمار کے مطابق رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے انکم ٹیکس وصولی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں رئیل اسٹیٹ سے صرف 35.2 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا، جو گزشتہ مدت کے مقابلے میں 38 فیصد کم ہے