پنجاب پولیس جدید ڈرونز خریدے گی

5 کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری،نئے ڈرونز تھرمل لانگ رینج صلاحیتوں سے لیس ہوں گے:پولیس حکام
 لاہور(کرائم رپورٹر)ہنگامی حالات سے نمٹنے اور خصوصی آپریشنز کے لیے پنجاب پولیس جدید ڈرونز خریدے گی۔ پولیس حکام کے مطابق مارٹر گولے، آنسو گیس شیلز اور سرویلنس کے لیے 25 جدید ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق نئے ڈرونز تھرمل امیجنگ اور لانگ رینج صلاحیتوں سے لیس ہوں گے، جنہیں ہنگامی صورتحال اور خصوصی آپریشنز میں استعمال کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے مختلف مقامات پر جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران آنسو گیس شیلز اور دیگر آپریشنل مواد گرایا جا سکے گا۔ذرائع کا کہنا ہے ڈرونز کی خریداری کے لیے حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے دوران خریداری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈرونز کی خریداری کے لیے جلد ٹینڈر/اشتہار بھی جاری کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے پاس اس وقت تقریباً 100 جدید ڈرونز موجود ہیں، جبکہ مزید 25 ڈرونز کی خریداری کے بعد پنجاب پولیس کے پاس جدید ڈرونز کی مجموعی تعداد 125 تک پہنچ جائے گی۔