ورجینیا (شوبز ڈیسک)امریکی امیگریشن حکام نے انعام یافتہ کشمیری فلم ساز عرفات شیخ کو ورجینیا کے ایک ایئر پورٹ پر پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد وارنٹ کے بغیر حراست میں لے لیا۔عرفات شیخ کی رہائی کے لیے مہم چلانے والے گروپ نے دعوی کیا ہے کہ 24 ستمبر 2026 کو فلم ساز عرفات شیخ کو ڈلس ایئر پورٹ پر طیارے سے اترتے ہی امیگریشن حکام نے غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا۔مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ فلم ساز ورجینیا کے شہر الیگزینڈریا میں مقیم ہیں، ان کی رہائی کے لیے مہم چلانے والے آزاد عیسی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ عرفات شیخ فلم کے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسٹوڈینٹ ویزے پر امریکا پہنچے تھے اور انہوں نے 2020 میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دی تھی۔آزاد عیسی کے مطابق عرفات شیخ کی امیگریشن درخواست زیرِ التوا ہے اور اس دوران ان کے پاس کام کرنے اور امریکا میں قیام کی اجازت بدستور فعال ہے۔انہوں نے بتایا کہ فلم ساز کو ورجینیا کے شہر بولنگ گرین میں واقع کیرولین ڈیٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔