مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کا سرکاری قرضہ 765 ارب روپے کم ہوگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (X) پر جاری اپنے پیغام میں خرم شہزاد نے بتایا کہ اگست 2025 میں مرکزی حکومت کا کل قرضہ 765 ارب روپے کم ہوا، جو رقم کے لحاظ سے ایک نمایاں کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمی معاشی حجم کے مقابلے میں بھی مثبت پیشرفت کی عکاسی کرتی ہے۔خرم شہزاد کے مطابق قرض میں یہ کمی حکومت کی مالی نظم و ضبط، اخراجات پر قابو اور سوچ سمجھ کر قرض لینے کی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت معاشی استحکام کی سمت ایک اہم قدم ہے اور پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔مشیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ مالیاتی پالیسی پاکستان کو طویل المدتی مالی پائیداری کی جانب لے جا رہی ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔