افریقی بادشاہ کی 15 بیویوں اور 100 خادموں کے ساتھ یو اے ای آمد

بادشاہ مسواتی سوئم نے خاندانی خواتین کے گروپ کے ہمراہ ایئرپورٹ پر قدم رکھا
 والد بادشاہ سوبھو کی 125 بیویاں تھی، بادشاہ کے30 بچے بھی اس دورے میں شامل تھے
 ابوظہبی (آئی این پی )افریقہ کے مطلق العنان بادشاہت، مملکتِ ایسواتینی کے بادشاہ مسواتی سوئم کی ایک پرانی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی  ، یہ ویڈیو، جو جولائی میں پہلی بار سامنے آئی تھی، بادشاہ کی ابوظہبی آمد کی اس ویڈیو میں بادشاہ کو اپنے متعدد بیویوں اور بڑے عملے کے ساتھ پرائیویٹ جیٹ سے اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔بادشاہ مسواتی سوئم نے روایتی لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور خاندانی خواتین کے ایک گروپ کے ہمراہ اس ایئرپورٹ پر قدم رکھا۔ ویڈیو پر ایک کیپشن کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ سوازی لینڈ کے بادشاہ ابو ظہبی پہنچے، ان کے ساتھ 15 بیویاں اور 100 خادم تھے، جبکہ ان کے والد بادشاہ سوبھوزا دوئم کی 125 بیویاں تھیں۔اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ بادشاہ کے تقریبا 30 بچے بھی اس دورے میں شامل تھے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی سخت ہو گئی اور کئی ٹرمینلز بند کرنے پڑے تاکہ شاہی قافلے کے لیے سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یہ شاہانہ مظاہرہ معمولی شہریوں کی مشکلات کے برعکس ہے، جہاں ملک کی اکثریت بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ کئی صارفین نے ویڈیو دیکھنے کے بعد سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ عیاشی اس ملک کے حالات کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی۔ ایک صارف نے کہا، جب ان کے لوگ بجلی یا پانی کی قلت میں مبتلا ہیں، تو یہ کیسی شان ہے؟ جبکہ دوسرے نے سوال اٹھایا، کیا ملک اتنا امیر ہے کہ پرائیویٹ جیٹ چلا سکے؟۔تنقید کرنے والوں میں کچھ نے تو بادشاہ کی اس طرز زندگی کو قابلِ مذمت قرار دیا اور کہا، یہ آدمی جب اپنے عوام بھوکے مر رہے ہیں، تب پرائیویٹ جیٹ میں گھوم رہا ہے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں پوچھا، کیا بادشاہ کے گھر میں کوئی ایسا ہے جو ان تمام بیویوں کو سنبھال سکے؟۔بادشاہ مسواتی سوئم، جو افریقہ کے آخری مطلق العنان حکمران ہیں، 1986 سے اس چھوٹے ملک پر راج کر رہے ہیں۔ ان کی ذاتی دولت ایک ارب ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔ مگر اس کے برعکس، ملک میں صحت اور تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہیں، عوامی ہسپتالوں میں ادویات کی کمی ہے، اور بہت سے طلبا مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے۔