پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل میں قائدانہ کردار ادا کرے: حافظ نعیم الرحمن

غزہ میں دوسال سے جاری صہیونی جارحیت نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے
امریکہ نے اسرائیل کو اہل غزہ کے قتل عام کا لائسنس دیا:  امیر جماعت اسلامی کا ویڈیو بیان
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس جاری کیا ہوا ہے، اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا جائے، ٹرمپ کی خوشامد کی بجائے امت کے جذبات کی باوقار انداز میں ترجمانی ہونی چاہیے۔ غزہ پر صہیونی جارحیت کے دوسال مکمل ہونے پر اپنے ویڈیو پیغام میں اور ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بدترین مظالم کے باوجود صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرنے پر اہل غزہ اور حماس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے ثابت کردیا کہ وہ عظیم قوم ہیں۔ حماس نے ٹرمپ کے نام نہاد بیس نکاتی امن منصوبہ کے جواب میں سفارت کاری کی بہترین مثال پیش کی۔ یہ فلسطینیوں کی مزاحمت کا نتیجہ ہے کہ آج اسرائیل اپنی تمام تر فوجی طاقت اور امریکی مدد کے باوجود حماس سے مذاکرات پر مجبور ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین میں امن چاہتی ہے، مسئلہ فلسطین کا حل صرف اور صرف فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے۔