بالائی علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت بڑھادی، دیامراورچلاس میں ہرجانب برف
کوئٹہ،سکردو(آئی این پی )سمندری طوفان شکتی کے باعث کوئٹہ مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے، جس کے باعث حد نگاہ بھی کم ہوکررہ گئی ‘ شدید گرد آلود موسم کے باعث شہریوں، خصوصا دمہ اور سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب بالائی علاقوں میں پڑنے والی برفباری نے ٹھنڈ کی شدت بڑھادی، دیامراورچلاس میں برفباری سیہرسو سفیدی چھا گئی۔کاغان کے پہاڑوں نے برف کی چادراوڑھ لی،بابو سر ٹاپ پرچودہ انچ برف پڑچکی ہے جبکہ جھیل سیف الملوک،بٹہ کنڈی، جلکھڈ، بیسر، نوری ٹاپ میں بھی برفباری ہوئی۔کالام میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی ہے جبکہ شانگلہ کے پہاڑوں پر بھی برفباری نے موسم ٹھنڈا کردیا ہے۔ دوسری جانب موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلگت بلتستان میں واقع دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ چند سالوں سے سردی کا دورانیہ مختصر ہوگیا ہے۔