اجتماع:سی ٹی او کا مانیٹرنگ و سرویلنس کنٹرول روم کا معائنہ

 23 ڈی ایس پیز، 160 انسپکٹرز اور 900 اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں 
لاہور (کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے سالانہ تبلیغی اجتماع کے موقع پر رائے ونڈ مرکز کا دورہ کیاانہوں نے مانیٹرنگ و سرویلنس کنٹرول روم اور کیمپ آفس کا معائنہ کیامختلف پوائنٹس پر ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں کو بریفنگ دی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا سی ٹی او لاہورڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 6 نومبر سے شروع ہو کر 9 نومبر کو اختتام پذیر ہوگاجبکہ دوسرا مرحلہ 13 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہے گا۔ ایس ایس پی ٹریفک صدر زون ڈاکٹر فہد احمد کو تمام انتظامات کی سپرویڑن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اجتماع کے دوران ٹریفک کے بہتر نظم و نسق کیلئے 23 ڈی ایس پیز، 160 انسپکٹرز اور 900 کے قریب ٹریفک وارڈنز و ٹریفک اسسٹنٹس کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ 18 فورک لفٹرز، 9 بریک ڈاؤن وہیکلز اور 2 کرینز بھی ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود ہیں۔رائے ونڈ میں ٹریفک کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کنٹرول روم اور کیمپ آفس قائم کیا گیا ہے، جبکہ شرکائے اجتماع کی سہولت کیلئے 6 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ پارکنگ اسٹینڈز کے علاوہ کسی اور مقام پر گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھنے کیلئے ‘‘راستہ ایف ایم’’ اور راستہ ایپ کے ذریعے اپڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے تمام روڈز کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں