فوری کرشنگ سے چینی کی قیمت میں 80روپے کلو کمی ممکن

 سندھ میں چینی کا ایکس مل ریٹ 176 ،ہول سیل 177 روپے فی کلو ہے
ان داموں کے علاوہ فروخت سٹے کے مترادف،عبدالرؤف ابراہیم کی گفتگو
کراچی (خصوصی رپورٹ)چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہیبشرطیکہ شوگر ملز مالکان فوری کرشنگ سیزن کا آغاز کریں۔ چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اگر کرشنگ بروقت شروع ہو جائے تو فی کلو چینی کی قیمت میں 80 روپے تک کمی ممکن ہے۔چینی کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ سندھ میں چینی کا ایکس مل ریٹ 176 روپے فی کلو اور ہول سیل ریٹ 177 روپے فی کلو ہے، ان داموں سے ہٹ کر کی جانے والی تمام فروخت سٹے کے مترادف ہے جوکہ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دوسری جانب ان کے مطابق پنجاب میں ایکس مل ریٹ 174 روپے جبکہ ہول سیل ریٹ 176 روپے فی کلو ہے مگر اس کے باوجود پنجاب کے مختلف شہروں میں فی کلو چینی کی قیمتوں کو بلاوجہ بڑھایا گیا اور عوام کی جیب سے اربوں روپے نکالے گئے۔عبد الروف ابراہیم نے بتایا کہ چینی کی کاشتکاری کا عمل اگر بروقت شروع ہوجائے تو آئندہ چند دنوں میں فی کلو چینی ایکس مل یعنی ملز مالکان کا ریٹ 100 سے 110 روپے فی کلو کے درمیان متوقع ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 115 سے 120 روپے میں دستیاب ہوگی اور ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 135 سے 140 روپے فی کلو تک گرنے کا امکان ہے۔ عبدالرؤف ابراہیم نے مزید بتایا کہ رواں سال گنے کی کاشت 20 فیصد زیادہ ہوگی جس کے باعث رسد میں بہتر ہونے کی قوی توقع ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی کی ترسیل کے نظام میں ٹریک اینڈ ٹریس، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس نمبر کو فعال کیا جائے تاکہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ روکا جاسکے۔دوسری جانب شوگر ملز مالکان کا کہنا ہے کہ چینی کے موجودہ اسٹاک 15 دسمبر تک کیلئے کافی ہیں، لہٰذا فی الحال نئی کرشنگ کی فوری ضرورت نہیں۔