تشدد کا نشانہ بننے والے دکاندار پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام

لاہور (کرائم رپورٹر) غازی آباد کے علاقے میں خاتون کو چھیڑنے اور دوکاندار پر تشدد کا واقعہ سامنے آگیا ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ تقریباً 17 روز قبل پیش آیا تھا جب چاند عرف سکندر اور دو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ غازی آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جو اس وقت عارضی ضمانت پر ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کے متعلق متاثرہ دکاندار منظور احسان کی مدعیت میں 21 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا۔ تاہم تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دکاندار نے اپنی کاسمیٹکس دوکان پر آنے والی ایک خاتون سے مبینہ نازیبا حرکات کیں جس کے نتیجے میں جھگڑا اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔