پاکستان کو افغانستان سے مذاکرات کے لیے کسی کی ہدایت یا دبا ئوکی ضرورت نہیں:وزیردفاع
اسلام آباد (آئی این پی) ترکی کے شہر استنبول میں جاری پاک افغان مذاکرات کے بارے میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ ایک ٹی وی چینل کے مطابق وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان سے مذاکرات کے لیے کسی کی ہدایت یا دبا ئوکی ضرورت نہیں، کیونکہ امن کا قیام پاکستان، افغانستان اور پورے خطے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پالیسی بالکل واضح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے تمام نکات شفاف ہوں اور کسی تحریری معاہدے کا حصہ بنیں تاکہ مستقبل میں کوئی ابہام باقی نہ رہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر سرحد پار دراندازی یا خلاف ورزی ہوتی ہے تو اس سلسلے میں قطر اور ترکیہ ضامن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخلصانہ طور پر ایسے تعلقات چاہتا ہے جن کی بنیاد اعتماد، امن اور باہمی تعاون پر ہو۔