تحریک انتشار صرف این آر او کے لیے ملکی امن کو داؤ پر لگا رہی ہے، وزیر اطلاعات

تحریک انتشار صرف این آر او کے لیے ملکی امن کو داؤ پر لگا رہی ہے، وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں مختلف مسائل پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، صرف این آر او کے لیے امن و امان کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے کرپشن کے کیسز سے بچنے کے لیے پاکستان میں ماحول خراب کر رہی ہے، اور خیبر پختونخوا میں اساتذہ کے حقوق کی آواز کو دبانے کے لیے تشدد کا راستہ اپنایا جا رہا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم 10 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ فلسطین کے معاملے پر ریاض سمٹ میں شرکت کریں گے اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے بات کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا خطاب قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم ہر فورم پر فلسطین کے معاملے پر آواز اٹھا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ملکی معیشت کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف جا رہی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا، اور اس وقت یو اے ای کا وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آیا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل چکی ہے اور وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کو مکمل طور پر ناکام قرار دیا۔ سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں جیت کو 26 ویں آئینی ترمیم کی حمایت میں مہر قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر معافیاں مانگ رہے ہیں، مگر پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے۔