پشاور ہائیکورٹ ،عمر ایوب کو 1 ماہ تک گرفتار نہ کرنیکا حکم

14 دن بہت کم ، مقدمات بہت زیادہ ،سموگ بھی ہے، وکیل درخواست گزار 
اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر وزارت داخلہ سے جواب طلب
پشاور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر ایک مہینے کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے کی۔ وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف 21 مقدمات درج ہیں، اس میں راہداری ضمانت کیا ہے، باقی کا ہمیں پتہ نہیں کہ کتنے اور مقدمات ہیں، دیگر درج مقدمات کی تفصیل بھی فراہم کی جائے، چیف جسٹس نے کہا کہ ہم 14 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہیں درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائے، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ14 دن بہت کم ہیں ، مقدمات بہت زیادہ ہیں اور پنجاب میں سموگ بھی ہے عدالتوں میں پیش ہونا مشکل ہے، عدالت نے عمر ایوب کو ایک مہینے کی حفاظتی دے دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت نے سابق سپیکر اسد قیصر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست میں وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔اسد قیصر کی وکیل عائشہ خالد ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئیں اور موقف اختیار کیا کہ کسی ایسے مقدمہ میں گرفتاری کا خدشہ ہے جس مقدمے کا پہلے سے علم ہی نہیں،عدالت نے فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،کیس کی آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔