ویب ڈیسک:بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے والے 32 سالہ راجستھانی شخص کو ریاست کرناٹک سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم، جس کا نام بھیکھا رام عرف وکرم ہے، راجستھان کے علاقے جالور کا رہائشی ہے۔
انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی اطلاع پر حویری پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا، جہاں وہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے تعمیراتی مقامات پر کام کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سلمان خان کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ زندہ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے دینے ہوں گے یا پھر گینگ کے مندر میں معافی مانگنی ہوگی۔ دھمکی کے بعد پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔سلمان خان اس وقت بگ باس 18 اور فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور انہیں ماضی میں بھی ایسی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ اس سے قبل بھی سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے ایک اور شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔