اسلام آباد(آئی این پی ) وزارتِ توانائی نے ملک میں 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سبسڈی ختم کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت کا فی الحال ایسی کوئی تجویز لانے کا ارادہ نہیں ہے۔ وزارت توانائی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ 200 یونٹس تک سبسڈی ختم کرنے یا 1 گھر میں 1 سے زائد میٹر ہونے پر رعایت روکنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔ترجمان کے مطابق بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ چھاپنے کا مقصد صرف صارفین کو دی جانے والی ماہانہ سبسڈی کی تفصیلات فراہم کرنا ہے۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اگر ایک گھر میں الگ پورشن یا بھائی الگ رہتے ہوں تو ایسی صورت میں سبسڈی ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔وزارتِ توانائی نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے اور یہ سہولت بدستور جاری رہے گی۔