لاہور(زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری سے پنجاب بھر کے 94 سول ججز کے بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیے گئے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 19 خواتین سول ججز سمیت متعدد افسران کے تبادلے مختلف اضلاع میں کیے گئے ہیں۔ تمام ججز کو 11 مئی 2026 تک اپنے نئے تعیناتی مقامات پر چارج سنبھالنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف سول ججز کے تبادلے بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، سیالکوٹ، قصور، جہلم، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں کیے گئے ہیں۔تبادلہ کیے گئے ججز میں ذوالفقار علی مزاری کا بہاولپور سے منکیرہ، محمد آصف نواز کا ملتان سے جہلم، صاحب گل خان بلوچ کا مظفرگڑھ سے قصور، شاہباز حسین کا شیخوپورہ سے چونیاں، اور صائمہ تبسم کا سیالکوٹ سے چونیاں تبادلہ شامل ہے۔اسی طرح ہما الطاف، بابر ندیم، رانا شفیق الرحمان، افضل بیگ، لبنیٰ صغیر، کلیم اللہ، نجم الثاقب، ندیم احمد، اور دیگر متعدد ججز کے تبادلے بھی مختلف اضلاع میں کیے گئے ہیں۔مزید برآں لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت بڑے شہروں سے بھی کئی ججز کو دیگر اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ ریسرچ افسران ظہیر احمد اور نزہت جبین کے بھی مختلف عہدوں پر تبادلے کیے گئے ہیں۔