بھارت کے جارحانہ بیانا ت عالمی برادری کو ناپسند ہیں، کسی بھی بھارتی جارحیت کا پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مکمل طاقت سے جواب دیا جائے گا
سندھ طاس معاہدہ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں‘طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گردی معاملات خراب کر رہی ہے:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی ) دفتر خار جہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود جلد معاہدے کی امید ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا، بھارت کے جارحانہ بیانا ت عالمی برادری کو ناپسند ہیں، کسی بھی بھارتی جارحیت کا پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مکمل طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میںترجمان دفتر خارجہ نے کہا آج معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ہے، پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے معرکہ حق پر سفارتی کور کو بریف کیا۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا کیا تبادلہ ہوا ہے، اس پر گفتگو نہیں کروں گا، ہم پر امید ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملہ حل ہوگا، یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ صفحات کا، معاہدے کے لیے پرامید ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی پر تشویش ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی کوئی چوری نہیں کرسکتا ، سندھ طاس معاہدہ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ہم دریائوں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں، دفتر خارجہ سمیت انڈس واٹر کمشنر اور دیگر حکام اس کو دیکھ رہے ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے دونوں جانب عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے ،ہمارا مذہب ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گردی معاملات خراب کر رہی ہے، ہمیں بارڈر بندش سمیت دیگر اثرات کے بجائے جڑ دہشت گردی کو دیکھنا ہو گا، دہشت گردی ختم ہو جائے باقی چیزیں خود سیٹل ہو جائیں گی۔ترجمان نے بھارت کے جارحانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات عالمی برادری کو ناپسند ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا پاکستان کی جانب سے بھرپور اور مکمل طاقت سے جواب دیا جائے گا