اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر ڈھیر ،سنچری میکر رائیلی روسو بہترین کھلاڑی قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی مسلسل چوتھی شکست ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی معیاری گیند بازی کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر ریت کی دیوار ثابت ہوئے، صرف 4 کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔عماد وسیم 56، بین ڈوارشوئس31 اور محمد شہزاد 24 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر نے 3، محمد وسیم، ابرار احمد نے 2،2 کھلاڑیوں پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے سنچری میکر رائیلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اگلے مرحلے کیلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک میچ باقی ہے، اسے اگلے مرحلے تک رسائی کیلیے اسے لازمی جیتنا ہوگا۔اسلام آباد یونائیٹڈ یہ میچ کراچی کنگز کے خلاف 10 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے گی، کراچی کنگز کے بھی 10 پوائنٹس ہیں لیکن اس کے 2 میچز باقی ہیں۔