پاک، امریکا تعلقات میں دنیا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی معترف :واشنگٹن پوسٹ

پاک، امریکا تعلقات میں دنیا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی معترف :واشنگٹن پوسٹ

ویب ڈیسک: امریکی روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ گئے ہیں، اور دنیا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کو تسلیم کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورہ امریکا کو پاک امریکا تعلقات میں "ایک نئی جہت کی علامت" قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی اخبار نے پاکستان کی حالیہ سفارت کاری مہم کو انتہائی کامیاب قرار دیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مضبوطی آئی ہے۔واشنگٹن پوسٹ نے یہ بھی کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے امکانات پاکستان کے لیے چیلنج تصور کیے جا رہے تھے، تاہم بدلتے عالمی حالات میں پاکستانی حکام نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ قریبی اور مثبت تعلقات کو فروغ دیا۔امریکی روزنامے کے مطابق امریکا نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی، اور پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں کالعدم تنظیم بی ایل کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ پاکستان نے امریکا کو کرپٹو منصوبوں اور معدنیات کی ترقی میں شراکت کی پیشکش کی، جس پر صدر ٹرمپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔مزید برآں، امریکی اخبار نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید تیزی آئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیاب سفارت کاری نے نہ صرف پاک امریکا تعلقات میں استحکام پیدا کیا ہے بلکہ خطے میں سیاسی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔